جوڑے آسمان پر ضرور بنتے ہیں لیکن آج کل رشتہ کرانے والی خالہ کی جگہ، آن لائن ڈیٹنگ ایپلیکیشنز نے لے لی ہے۔ یوں تو اس مقصد کے لیے سینکڑوں ویب سائٹس اور ایپلیکشنز موجود ہیں لیکن Once نامی نئی ایپ ان سے کچھ مختلف ہے۔
عام طور پر ڈیٹنگ ایپلیکشنز فراہم کردہ تفصیلات، ان کی عادات، علاقے اور ترجیحات کا کمپیوٹر کے ذریعے جائزہ لے کر انہیں ’مناسب ساتھی‘ دکھاتی ہیں۔ Tinder اور OkCupid جیسی اپلیکیشنز اسی طریقے سے آپ کو ممکنہ جیون ساتھی تلاش کر کے دیتے ہیں لیکن Once نامی نئی ڈیٹنگ ایپ ایسا نہیں کرتی بلکہ اس میں حقیقی انسان جوڑا بنانے کے کام پر مامور ہیں۔
Once دوسری ایپلیکیشنز کی طرح اپنے صارفین کو لاتعداد پروفائل تجویز نہیں کرتی بلکہ ایک دن کے اندر صرف ایک ساتھی ہی تجویز کیا جاتا ہے
اس ایپلیکیشن کے صارفین کی تعداد 1.5 ملین تک پہنچ چکی ہے جب کہ 180 فری لانسر صارفین کو جوڑے تجویز کرنے کا کام کر رہے ہیں۔
فرانس میں یہ ایپلیکشن بہت مقبول ہو چکی ہے۔ اس کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ یہ ایپلیکشن جنسیت کی بجائے رومانوی جوڑے بنانے میں کافی کارآمد ہے ۔ ایپلیکیشن کے صارفین میں ساٹھ فیصد تعداد عورتوں کی ہے۔یہ آن لائن ڈیٹنگ ایپ ہزاروں لوگوں کے جوڑے بنا چکی ہے اور کئی ایک دوسرے کے ساتھ محبت میں مبتلا ہو کر شادی بھی کر چکے ہیں۔