مچھلی کے چمڑے سے بنی مصنوعات! یہ پڑھ کر آپ کو یوں محسوس ہوا ہو گا کہ شاید لکھنے میں غلطی ہو گئی ہے لیکن ایسا نہیں ہے کیونکہ مچھلی سے چمڑا بھی حاصل ہوتا ہے اور اس سے بیگز، بیلٹس اور دیگر مصنوعات بھی بنتی ہیں۔
آئس لینڈ سے تعلق رکھنے والی اسٹینن گن سٹینسڈوٹیر کا کہنا ہے کہ مچھلی کھال سے چمڑا تیار کرنے میں ان کے خاندان کی بہت سی کوششیں ہیں۔ پہلی 200 کوششوں میں تو ہمارے ہاتھ صرف مچھلی کا بدبو دار شوربہ آیا تھا۔
گن سٹینسڈوٹیر آئس لینڈ میں موجود ایٹلانٹک لیدر کمپنی کی سیلز منیجر ہیں جو یورپ میں مچھلی کا چمڑا تیار کرنے کا واحد کارخانہ ہے۔
یہ کارخانہ 1994 سے مچھلیوں کی مختلف اقسام پر کام کر رہا ہے۔ چمڑہ سازی کے اس عمل میں تین سے چار ہفتے لگ جاتے ہیں۔ ایک مہینے کے اندر 19 ملازمین مل کر تقریباً ایک ٹن مچھلی کا چمڑہ تیار کرتے ہیں۔
سیلز منیجر کے مطابق ابتدائی مراحل میں ہی مچھلی کی بدبو ختم ہو جاتی ہے، پھر اس کی بدبو دوسرے عام چمڑے کی طرح ہو جاتی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ دوسری چمڑا سازی کی طرح مچھلی کا چمڑہ بنانے کے عمل کو ماحول دوست بنانے کی ہر ممکن کوشش کی جاتی ہے۔ مچھلی کے چمڑے کے بارے میں ایک غلط فہمی پائی جاتی ہے کہ یہ آسانی سے پھٹ جاتا ہے جب کہ ایسا نہیں ہے، مچھلی کا چمڑہ گائے یا بھیڑ کے چمڑے سے 9 گنا زیادہ مضبوط ہوتا ہے۔
مچھلی کے چمڑے کی قیمتوں کا انحصار مچھلی کی قسم پر ہے جیسے سولمن مچھلی کا چمڑہ 12 ڈالر فی اسکوائر فٹ ہے۔
مچھلی کے چمڑے کی خریدار بیگ بنانے والے بڑی کمپنیاں ہیں اور اس وقت مچھلی کا چمڑا عالمی منڈی کا صرف ایک فیصد ہے۔