مائیکرو سافٹ نے امریکہ میں قانونی طور پر گانجے کی فروخت پر نظر رکھنے کے لیے کیلیفورنیا کی ٹیکنالوجی کمپنی ’کائنڈ فائنینشل ‘ کے ساتھ معاہدہ کیا ہے۔ یہ کمپنی پہلے ہی سے گانجے کی قانونی فروخت کی نگرانی میں کاروباری اداروں اور حکومت کی مدد کرتی رہی ہے۔ اب یہ کمپنی مائیکرو سافٹ کے پروگرام ’گورنمنٹ کلاؤڈ‘ کے ساتھ مل کر کام کرے گی۔ مائیکروسافٹ کے ’گورنمنٹ کلاؤڈ‘کو حکومتی ایجنسیز اور محکمہ دفاع اپنے لیے خاص طور پر استعمال کرتا ہے ۔
کائنڈ کا کہنا ہے کہ مائیکروسافٹ کا کلاؤڈ اپنی نوعیت کا ایسا واحد پروگرام ہے جوگانجے پر قریب سے نگرانی کے لیے حکومت کے معیار کے مطابق ڈیزائن کیا گيا ہے
سافٹ ویئر’ایگری سافٹ سیڈ ٹو سیل‘گانجے کے کاروباری اداروں، نگراں ایجنسیوں اور مالی اداروں کے درمیان رابطے کا کام کرتا ہے۔
مائیکرو سافٹ کی جانب سے کسی کمپنی کے ساتھ اس نوعیت کی یہ پہلی شراکت داری ہے۔ مائیکرو سافٹ واشنگٹن میں واقع ہے جہاں گانجا قانونی طور پر جائز ہے۔