الجھے ہوئے بال، بڑھی ہوئی شیو، شک اور نفرت سے گھورتی آنکھیں، اپنی جگہ پر ساکت، ہاتھوں میں پستول تھامے کسی بھی لمحے ایک دوسرے پر گولیاں برسانے کو تیار۔
پتھریلی چٹانوں کے بیچوں بیچ ویران قبرستان میں بغیر کوئی لفظ کہے ڈھائی منٹ کا یہ منظر ہدایتکار سرجیو لیون کے کمال فن کا مظاہرہ ہے۔ ‘کیا ہوا’ یہ اس منظر کو خاص نہیں بناتا لیکن ‘کیسے ہوا’ اسے فلمی تاریخ کا ایک عظیم ترین سین ضرور بناتا ہے۔
اکثر لوگوں نے ”دی گڈ، ڈی بیڈ اینڈ دی اگلی” کسی نہ کسی طرح دیکھ رکھی ہوگی۔ اصل فلم نہ صحیح تو اس کی کوئی نہ کوئی نقل یا کسی دوسری فلم میں اس سے متاثر کچھ مناظر۔
پچاس سال ہونے کو آئے لیکن خزانے کی تلاش میں ایک دوسرے کے خون کے پیاسے یہ تین ہٹ دھرم، غصیلے اور ضدی آوارہ گرد اب بھی ہالی وڈ کو اپنے سحر میں جکڑے ہوئے ہیں۔
سرجیو لیون نے فلم کی منظر کشی، ایڈیٹنگ اور کہانی بیان کرنے کے لیے جو طریقہ کار استعمال کیا ہے اس سے پوری دنیا کے فلم میکر مستفید ہوئے۔ کسی نے طریقہ چوری کرلیا، کسی نے حوالہ دینا مناسب سمجھا اور اسے فلم کے طلبا کو پڑھایا بھی جاتا ہے۔
کوینٹن ٹرنٹینو نے اپنی فلم ”ریزروائر ڈاگز” میں ایک دوسرے پر بندوق تانے ان تین افراد کے منظر کو دہرانے کی کوشش کی ہے۔ ٹرینٹیو اسی فلم کے کچھ اور مناظر اپنی دوسری فلموں میں بھی استعمال کرچکے ہیں جن میں ان کی حالیہ ریلیز ہونے والی فلم ”دی ہیٹ فل ایٹ” بھی شامل ہے۔
اس فلم کے لیے اینیو موریکونی کی موسیقی کو گریمی ہال آف فیم میں شامل کیا جاچکا ہے۔ اگر آپ نے فلم نہیں دیکھی تو اس کی موسیقی پھر بھی سن رکھی ہوگی۔ میری بات کا یقین نہیں تو تھیم سانگ سرچ کرکے سن لیں۔