اسلام آباد میں آتشزدگی ، سی پیک کا ریکارڈ بھی جل گیا

اسلام آباد کے ریڈ زون میں واقع عوامی مرکز میں آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں عمارت کی چوتھی منزل سے چھلانگ لگانے والے 2 نوجوان جاں بحق ہوگئے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق عوامی مرکز کے گراؤنڈ فلور پر واقع وفاقی محتسب کے دفتر میں شارٹ سرکٹ کے باعث آگ لگی۔

جس کے بعد ریسکیو ٹیموں نے 2 گھنٹے کی کوششوں کے بعد آگ پر قابو پانے کا دعویٰ کیا اور کچھ فائر فائٹر جائے وقوعہ سے روانہ ہوگئے۔

تاہم کولنگ کے عمل کے دوران وفاقی دارالحکومت میں تیز ہواؤں کا سلسلہ شروع ہوا جس کے باعث ایک مرتبہ پھر عمارت میں آگ بھڑک اٹھی۔

ذرائع کے مطابق عوامی مرکز کی عمارت میں پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے سینٹرل آف ایکسی لینس کا ایک دفتر بھی موجود ہے جس کا ریکارڈ بھی جل گیا ہے۔

آگ لگنے کے بعد علی رضا اور عمر نامی 2 نوجوانوں نے عمارت کی چوتھی منزل سے چھلانگ لگائی جس کے نتیجے میں انہیں زخمی حالت میں پولی کلینک اسپتال منتقل کیا گیا جہاں دونوں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔

ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ عمارت میں ایمرجنسی راستہ موجود تھا تاہم نوجوانوں نے گھبراہٹ میں چھلانگ لگائی۔

آتشزدگی کے واقعے کے بعد رینجرز، پولیس، سی ڈی اے، ضلعی انتظامیہ اور فائر بریگیڈ کا عملہ فوری طور پر موقع پر پہنچ گیا جب کہ آگ بجھانے کے لئے فائر بریگیڈ کی 7 گاڑیوں نے حصہ لیا۔

ذرائع کے مطابق آگ لگنے کی وجہ سے وفاقی محتسب کے دفتر کا ریکارڈ جل کر خاکستر ہوگیا جب کہ پارکنگ میں کھڑی دو گاڑیاں بھی متاثر ہوئیں۔

عوامی مرکز میں آگ بجھانے والے آلات زائد المیعاد نکلے جس کا انکشاف اس وقت ہوا جب آگ بجھانے والے آلات پر اس کے استعمال کی تاریخ کو دیکھا گیا کیوں کہ آلات پر اس کے استعمال کی تاریخ 8 مئی 2016 درج تھی۔

دوسری جانب عوامی مرکز میں آتشزدگی کے واقعے کی تحقیقات کے لئے قائم مقام ڈپٹی کمشنر فراست خان نے اسسٹنٹ ڈپٹی کمشنر جواد مظفر کی قیادت میں تین رکنی کمیٹی بنا دی۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق کمیٹی میں اسلام آباد پولیس کے ایس پی سمیت سی ڈی  اے کا نمائندہ بھی ہوگا جب کہ تحقیقاتی ٹیم تین روز میں آگ لگنے کی وجوہات پر مبنی رپورٹ جمع کرائے گی۔

خیال رہے کہ 23 اگست کو اسلام آباد کے سیکٹر ایچ نائن کے سستے بازار میں آتش زدگی کے باعث کپڑوں کے 600 سے زائد اسٹال جل کر راکھ ہوگئے تھے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.

x

Check Also

امریکا، ڈرون سے گردے کی اسپتال میں ڈیلیوری

ڈرون سے گردے کی اسپتال میں ڈیلیوری

امریکی شہربالٹی مورمیں ڈرون کی مدد سے ڈونر کا گردہ مریض تک پہنچا دیا گیا، ...

کتاب میں کسی کھلاڑی کی کردار کشی نہیں کی، آفریدی

کتاب میں کسی کھلاڑی کی کردار کشی نہیں کی، آفریدی

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ انہوں نے اپنی ...

ماریا شراپوا اٹالین ٹینس سے دستبردار

ماریا شراپوا اٹالین ٹینس سے دستبردار

ٹینس پلیئر ماریا شراپووا کے فینز کیلئے بری خبر ، وہ اب تک کاندھے کی ...

%d bloggers like this: