امریکی ریاست فلوریڈا کی پولیس کے مطابق ایک انڈین ساس سسر نے اپنی بہو کو ʼتمیز‘ سکھانے کے لیے آٹھ ہزار میل کا سفر کیا اور امریکا پہنچ گئے۔
چھیاسٹھ سالہ جسبِیر کلسی اور ان کی 62 سال کی بیوی بھپِندر کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ وہ ہِلسبرو کانٹی میں مقیم اپنے بیٹے دیوبیِر کی بیوی کو ʼنصیحت کرنے اور تمیز‘ سکھانے کے لیے بھارتی پنجاب سے گئے تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بہو سِلکی گائند کے والدین کی جانب سے پیغام ملنے پر جب ایک پولیس والا وہاں پہنچا تو سِلکی کے جسم پر پٹائی کے نشان اور نیل پڑے ہوئے تھے۔
ان کے شوہر اور ساس سسر کو زدوکوب سمیت کئی الزامات کا سامنا ہے۔ سسر پر بہو کے گلے پر چھری رکھنے کا الزام بھی ہے۔