سندھ اسمبلی کے اجلاس میں دبئی اور لندن کا کچھ ایسا ذکر ہوا کہ ارکان اسمبلی باہم دست و گریباں ہوگئے۔
بجٹ اجلاس میں پیپلز پارٹی کی شمیم ممتاز نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے کسی وزیر کے بستر سے پیسے نہیں نکلے نہ ہی پیپلز پارٹی کا کوئی رکن منی لانڈرنگ میں ملوث ہے۔ اگر دبئی کی بات کی جائے گی تو پھر لندن کی بھی بات ہوگی۔
شمیم ممتاز کی تقریر پر ایم کیو ایم کے عظیم فاروقی غصے میں اسپیکر ڈائس کی جانب بڑھے۔ انہوں نے پیپلز پارٹی کی قیادت اور سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
پیپلز پارٹی کے ارکان اس پر آپے سے باہر ہوگئے۔ اس دوران ایم کیو ایم کے ارکان مکیش کمار چاولہ اور جام خان شورو کو پکڑنے کی کوشش کرتے رہے۔ عظیم فاروقی نے اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہار الحسن اور سید سردار احمد سمیت اپنے ہی کئی ارکان کو دھکے دئیے۔
ایوان میں ہنگامہ آرائی کے بعد چیئرمین آف پینل مراد علی شاہ نے اجلاس کل صبح تک ملتوی کردیا۔