فاسٹ باولر محمد عامر کو برطانیہ نے ویزہ جاری کر دیا۔محمد عامر دورہ انگلینڈ کے لیے پاکستانی ٹیم کا حصہ ہیں۔
دوہزار دس میں سپاٹ فکسنگ سکینڈل کے بعد محمد عامر پہلی بار برطانیہ جا رہے ہیں۔لارڈز ٹیسٹ کے دوران پاکستانی کھلاڑیوں سلمان بٹ ، محمد آصف اور محمد عامر پر سپاٹ فکسنگ کا الزام لگا تھا ۔
تینوں کھلاڑیوں کو برطانوی قانون کے تحت نہ صرف قید اور جرمانے کی سزا بھگتنا پڑی تھی بلکہ آئی سی سی نے ان پر پابندی بھی عائد کر دی تھی۔
پابندی ختم ہونے کے بعد محمد عامر تو پاکستانی ٹیم کا حصہ بن چکے ہیں لیکن سلمان بٹ اور محمد آصف کو ابھی ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا
سپاٹ فکسنگ سکینڈل کے بعد پہلی بار برطانیہ کے دورے میں محمد عامر کو انگلش کھلاڑیوں اور شائقین کے ردعمل کا سامنا ہو سکتا ہے ،ہر دورے کے دوران پاکستانی کھلاڑیوں پر نظر رکھنے والا انگلش میڈیا محمد عامر کی ہر حرکت نوٹ کرے گا۔