دن میں اندھیرا چھا گیا ۔ موسم خوشگوار ہونے سے شہریوں کے چہرے کھل اٹھے ۔ اسلام آباد ، سیالکوٹ ، فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں بھی ابر رحمت برسنے سے گرمی کا احساس کم ہوگیا ۔ ہرچیز دھل کر نکھر گئی ۔ آئندہ چوبیس گھنٹوں میں مزید بارش کا امکان ہے ۔ لاہور میں پہلے گھنگھور گھٹائیں چھائیں پھر بادل گرجے بھی اور کھل کر برسے بھی ، طوفانی ہواؤں کے ساتھ بارش نے جل تھل کردیا ۔ سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا اور ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ۔ ٹھنڈی ٹھنڈی ہوا کے ساتھ تیز بارش نے موسم کو حسین بنا دیا درخت اور پودے بھی دھل کر نکھر گئے ۔ گرمی کا زور ٹوٹنے پر شہریوں کے چہرے کھل اٹھے ۔ اسلام آباد میں بھی بارش کے بعد سرمئی بادلوں کے ڈیرے ہیں ، ہلکی ہلکی ٹھنڈی ہوائیں چل رہی ہیں جس سے گرمی کا احساس کم ہوگیا ہے ۔ شیخوپورہ ، سیالکوٹ ، فیصل آباد ، گوجرانوالہ ، ٹوبہ ٹیک سنگھ سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش نے موسم کو سہا نا بنا دیا ہے ۔ بارش کی وجہ سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا ۔ لوگوں نے موسم کو خوب انجوائے کیا ۔