پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز نے عوام کے لیے عیدالفطر پر ٹکٹ سستے کرنے کا اعلان کردیا۔
قومی فضائی کمپنی کی جانب سے اندرون ملک سفر کرنے والے مسافروں کے لیے کرایوں میں 25 فیصد تک کمی کا اعلان کیا گیا ہے۔
پی آئی اے کی جانب سے کرایوں میں کمی کا اعلان عید کے تین دن کے لیے کیا گیا ہے،قومی ایئر لائنز کے مسافروں کے لیے عید کے لیے اعلان کردہ پیکیج کے تحت رعایتی ٹکٹ پر سفر کرنے والے افراد اس سہولت سے صرف عید کے تین ایام کے لیے ہی مستفید ہوں گے۔
یاد رہے کہ پی آئی اے ہر سال عید پر عوام کی سہولت کیلیے تحفے کے طور پر کرایوں میں کمی کا اعلان کرتی ہے جس سے ہزاروں افراد فائدہ اٹھاتے ہیں۔گزشتہ برس بھی پی آئی اے کی جانب سے عوام کو عیدی کے طور پر اندرون ملک سفرکیلئے ایک ٹکٹ کے ساتھ ایک ٹکٹ فری دینے کا اعلان کیا گیا تھا۔ عید کے دو دنوں میں سفر کرنے والوں کیلئے ٹکٹ 30 فیصد سستے کیے گئے تھے۔