پاک افغان سرحد پر بہتر مینجمنٹ کی ضرورت ہے۔ اس لیے طور خم سرحد پر گیٹ کی تعمیر مکمل کی جائے گی۔
پاکستان کے مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے ایسا کہا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان افغانستان میں امن کا خواہاں ہے۔ سرحد پر کشیدگی کم کرنا چاہتے ہیں۔
سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ سرحدی کشیدگی پر افغان سفیر کو آگاہ کردیا گیا ہے۔ انہوں نے مذاکرات کے ذریعے اس مسئلے کو حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
دوسری جانب پاکستان کے دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ خطے میں امن کے دشمن افغانستان کو بہکارہے ہیں۔
دفتر خارجہ ترجمان نفیس زکریا نے ہفتہ وار پریس بریفنگ میں بتایا کہ پاکستان نے حالیہ کشیدگی پر افغانستان کو اپنے تحفظات سے آگاہ کردیا ہے اور مستقبل میں ایسے واقعات کو نہ دہرانے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ نیوکلئیرسپلائزر گروپ میں پاکستان اور بھارت دونوں سے غیر امتیازی سلوک چاہتے ہیں۔ پٹھان کوٹ واقعہ کی تحقیقات کے لیے بھارتی تحقیقاتی ٹیم کے دورہ پاکستان کے حوالے سے ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔