پاک سر زمین پارٹی کے سربراہ مصطفے کمال کہتے ہیں کہ جمہوری دور میں اختیارات نہ دے کر جمہوریت کی نفی کی جارہی ہے۔ صوبائی فنانس کمیش بننے تک شفاف طریقے سے ترقیاتی کام نہیں ہو سکے گا۔
کراچی میں پارٹی رہنماؤں کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ ملک میں ڈویلپمنٹ کے نام پر بجٹ بنائے جارہے ہیں۔ اسلام آباد میں بیٹھ کر چند لوگ کروڑوں افراد کی قسمت کے فیصلے کررہے ہیں۔ آٹھ سو ارب روپے کا بجٹ چند وزراء کیسے خرچ کریں گے اور رقم کہاں لگائی جائے گی؟
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ جمہوری دور میں وفاق اور صوبائی حکومتوں نے اختیارات پر قبضہ کیا ہوا ہے۔ کراچی بد حالی کا شکار ہے۔ اسپتال اور صحت کے مراکز کی صورتحال ابتر ہو چکی ہے۔ ستر ارب روپے کراچی میں ترقیاتی کاموں کے نام پر رکھے گئے تھے کیوں خرچ نہیں کئے گئے۔
مصطفیٰ کمال نے مطالبہ کیا کہ کراچی میں بارہ سو کیوسک پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ کے فور اور سرکلر ریلوے منصوبے پر عملدرامد شروع کیا جائے۔