پسند کی شادی کا خواہش مند پتوکی کا نوجوان لاہور کے علاقے کوٹ لکھپت میں جان کی بازی ہار گیا۔ اشفاق اسماعیل نگر کی مہوش سے شادی کرنا چاہتا تھا لیکن لڑکی کی والدہ نے رشتہ دینے پر راضی نہیں تھی۔
ہفتے کی صبح اشفاق مہوش کے گھر آیا۔ جہاں اس نے مبینہ طور پر فائرنگ کرکے لڑکی کی بہن نادیہ کو زخمی کردیا اور بعد میں خود کو گولی مارلی۔ دونوں کو زخمی حالت میں جنرل اسپتال لے جایا گیا لیکن اشفاق راستے میں ہی دم توڑ گیا۔
پولیس نے واقعہ کی ابتدائی تحقیقات کے بعد خودکشی کے معاملے کو مشکوک قرار دیا ہے۔ ابتدائی رپورٹ کے مطابق اشفاق کو گولی پیچھے سے ماری گئی ہے۔ فائرنگ کے لیے دو پستول استعمال ہوئے۔ نوجوان کو لگنے والی گولی اور فائر کی گئی گولی میں بھی فرق نکلا ہے۔ مقتول کے بھائی کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ تفتیش کے لیے لڑکی کا بھائی زیر حراست ہے۔