لیاقت باغ کے باہر تحریک انصاف کی ریلی سے عمران خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کوئٹہ میں بڑا ظلم کیا گیا سب نے مل کرملک سے دہشت گردی کا خاتمہ کرنا ہے۔ دہشت گردی کے خلاف فوجی جوانوں نے قربانیاں دیں۔ عالمی سازشوں کا مقابلہ کرنے کیلئے متحد ہونا ہوگا۔ پاناما لیکس کے معاملے پر وزیر اعظم سے جواب مانگ رہے ہیں لیکن وزیراعظم پانچ ماہ سے کوئی جواب نہیں دے رہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کرپشن اداروں کو تباہ کر رہی ہے اداروں کو مضبوط بنا کر قومیں آگے بڑھتی ہے۔ قومیں میٹروسے نہیں تعلیم ، یونیورسٹیاں بنا کر آگے بڑھتی ہے۔
انہوں نے کہا نیب کوشرم آنی چاہیے چھوٹے چوروں کو پکڑ رہی ہے۔ نواز شریف کے خلاف کارروائی کیوں نہیں کی۔ ملک کا وزیراعظم کرپشن کر کے اداروں کو تباہ کر دیتا ہے۔
کپتان نے کہا ایف بی آر میں دو ناموں کا آج رات انکشاف کروں گا جو ایف بی آر میں نواز شریف کے کاغذات کو ٹھیک کر رہے ہیں۔ ملک کا وزیراعظم پاکستان کا سب سے بڑا ٹیکس چور ہے۔ کیا الیکشن کمیشن میں وزیر اعظم کے خلاف ایکشن لینے کی جرات ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا ہم نے اب تماشا نہیں دیکھنا یہ ریلی ملک کے عوام کو جگانے کے لیے ہے ۔ اس ریلی نے آخرمیں لاہور پہنچنا ہے میاں صاحب لاہور پہنچنے سے پہلے کچھ کر لیں پھر گنجائش نہیں ہو گی۔ نیشنل ایکشن پلان پر خیبرپختونخوا حکومت عمل کر رہی ہے ہم نے پہلی دفعہ مدرسہ ریفارمز بھی شروع کی ۔ کسی اور صوبے میں ابھی مدرسہ ریفارمز پر کام شروع نہیں ہوا۔