کوئٹہ حملے میں تحریک الاحرار کے ملوث ہونے کے شواہد ملے ہیں۔ شبہ ہے کہ اس گروپ کو این ڈی ایس کی حمایت حاصل ہے۔ افغان خفیہ ایجنسی این ڈی ایس اور بھارتی ایجنسی را کا گٹھ جوڑ بھی سامنے آیا ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا کہ افغانستان سے این ڈی ایس اور آئی ایس آئی کے روابط کی بحالی پر زور دیں گے۔ دونوں انٹیلی جینس ایجنسیوں کے رابطے سے کوئٹہ جیسے واقعات سے بچا جا سکے گا۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے نئی گائیڈلائنز مرتب کرلی ہیں۔ اس سلسلے میں سفارشات وزیراعظم کو بھجوا دی ہیں۔
مشیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارتی افسر کلبھوشن یادیو اکیلا نہیں تھا۔ اس کا نیٹ ورک تھا۔ جس کے بارے میں ثبوت تیار کر رہے ہیں۔ کوشش ہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں ثبوت لے کر جائیں۔
سرتاج عزیز نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر بھارت کو مذاکرات کی دعوت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ سیکرٹری خارجہ اس حوالے سے جلد بھارتی ہم منصب کو خط لکھیں گے۔
بھارت کے ساتھ آئندہ جوہری تجربہ نہ کرنے کا معاہدہ کرنا چاہتے ہیں۔ بھارت تیار ہو تو اس بارے میں بھی بات ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ امریکا کے ساتھ اچھے دوطرفہ تعلقات چاہتے ہیں، چین کے ساتھ تعلقات کی وجہ سے تنہا ہونے کا تاثرغلط ہے۔