وفاقی وزیرداخلہ چودھری نثار نے کہا ہے کہ بھارت بتائے کونسی طاقتیں پاک بھارت تعلقات نہیں چا ہتیں، نریندر مودی اور نواز شریف کے تعلقات کو ذا تی رنگ نہ دیا جائے۔
بھارتی وزیرِخارجہ سشماسوراج کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات کو معمول پر لانے میں سب سے بڑی رکاوٹ آر ایس ایس، ابھی ناو بھارت، شیوسینا جیسی انتہاء پسند تنظیمیں اور ان کے ہندوستان کی حکومت سے تعلقات ہیں۔
پاک بھارت تعلقات کے حوالے سے بھارتی وزیرِخارجہ کا بیان حیران کن ہے۔ سشما سوراج دوطرفہ تعلقات کے بارے میں اتنی ہی سنجیدہ اور پر عزم ہیں تو پھر انہیں پہیلیوں میں بات نہیں کرنی چاہیے تھی اور نہ اس مسئلے پر سیاسی پوائنٹ سکورنگ کرنی چاہیے تھی۔
وزیرِداخلہ نے کہا کہ وزیرِاعظم نوازشریف کے کسی بھی ملک یا کسی سربراہ حکومت سے تعلقات پاکستان کے مفادات سے منسلک ہیں۔ بھارتی وزیرِخارجہ کی جانب سے انہیں ذاتی رنگ دینا کسی طور مناسب نہیں۔