حکومت اور اپوزیشن اپنے اپنے مؤقف پر ڈٹ گئے۔ متحدہ اپوزیشن نے حکومت کی جانب سے مثبت جواب نہ آنے تک ٹی او آرز پارلیمانی کمیٹی کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا۔
سینیٹ میں قائد حزب اختلاف اعتزاز احسن، قومی اسمبلی میں تحریک انصاف کے پارلیمانی لیڈر شاہ محمود قریشی، جماعت اسلامی کے صاحبزادہ طارق اللہ، عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد اور مسلم لیگ (ق) کے طارق چیمہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاناما پیپرز کی تحقیقات کیلئے 6 نکات پیش کردیئے۔
اپوزیشن کا کہنا ہے کہ جس کا نام پاناما پیپرز میں آیا اس کی اور اس کے خاندان کے خلاف تحقیقات ضرور ہونی چاہئیں۔ ابتدا وزیراعظم اور ان کے خاندان سے کی جائے۔
اپوزیشن رہنمائوں کا کہنا ہے کہ جب تک حکومت ٹی او آرز کے معاملے پر مثبت جواب نہیں دیتی اپوزیشن کمیٹی میں نہیں جائے گی۔
اعتزاز احسن نے کہا کہ مثبت جواب نہ آیا تو عید کے بعد عمران خان اور پیپلز پارٹی کا ایک ہی کنٹینر ہو سکتا ہے، حکومت کے پاس موقع ہے کہ وہ ان ٹی او آرز کو تسلیم کرے جس سے جمہوریت اور اسمبلیاں زندہ رہیں گی۔