سشما سوراج کے اتوار کو دیے جانے والے بیان پر ردِعمل دیتے ہوئے چوہدری نثار نے کہا کہ سشما سوراج کو کھل کر بیان کریں کہ وہ کون سی طاقتیں ہیں جو پاک بھارت تعلقات میں بہتری نہیں چاہتیں۔ اگر وہ پاک بھارت تعلقات میں بہتری لانے میں سنجیدہ ہیں تو انھیں سیاسی پوائنٹ اسکورنگ سے گریز کرنا چاہیے۔
انھوں نے سوال کیا کہ بھارتی حکوت تعلقات بہتر کرنے میں سنجیدہ ہے تو اس نے ایک طویل عرصے سے مذاکرات کیوں بند کیے ہوئے ہیں۔انکا کہنا تھا آر ایس ایس ، شیو سینا اور دیگر انتہا پسند تنظیموں کے بھارتی حکومت سے قریبی مراسم ہیں جو دونوں ممالک کے تعلقات میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔
چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ جہاں تک بھارت کی حکومت کا تعلق ہے اُس کی پاکستان سے دوستی کی پالیسی بھارتی وزیرِاعظم نریندرہ مودی کی امریکی کانگریس میں کی جانے والے تقریر کے ہر لفظ سے واضح ہوتی ہے۔
وزیرِداخلہ نے کہا ہے کہ بھارتی وزیرِ خارجہ سشما سوراج کا پاک بھارت تعلقات کے حوالے سے بیان حیران کن ہے۔