بھارت میں پانچ سو اور ایک ہزار کے نوٹوں کی منسوخی کے معاملے پر اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے آج پورے ملک میں احتجاج کیا جارہا ہے۔ بہار میں ٹرینوں کی آمد ورفت معطل ہے۔
کانگرس نے حکومت سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ کرنسی نوٹوں کی منسوخی کا فیصلہ واپس لے۔ ملک میں کرنسی نوٹوں کی اچانک منسوخی کے سبب بحرانی کیفیت پیدا ہوچکی ہے۔
نوٹ تبدیل کروانے کے دوران دھکم پیل، لڑائیوں کے دوران درجنوں افراد اپنی جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
حکومت کا دعویٰ ہے کہ یہ اقدام کرپشن کے خاتمے کیلئے اٹھایا گیا ہے تاہم اس سلسلے میں مناسب انتظامات نہ ہونے کے سبب پورے ملک میں بے چینی کی فضا پیدا ہوچکی ہے۔
کانگرس اس سے قبل راجیہ سبھا میں بھی ہنگامہ آرائی کرچکی ہے۔ ان کا مطالبہ تھا کہ وزیراعظم نریندر مودی اپنے اس فیصلے پر عوام سے معافی مانگیں۔
آج ملک بھر کے بڑے بڑے شہروں میں مظاہرے کئے جارہے ہیں۔ ٹرینوں کی بندش کے علاوہ اہم شاہراہوں کو رکاوٹیں لگا کے بند کرنے کے علاوہ کئی شہروں میں 12 گھنٹے کیلئے ہڑتال بھی کی گئی ہے۔