غدار کون؟ دیکھو اور فیصلہ کرو! متحدہ کا جوابی وار

ایم کیو ایم نے بظاہر ہتھیار ڈال دئیے ہیں۔ متحدہ بانی سے علیحدگی بھی ہوگئی ۔ فاروق ستار نے خودمختاری کا نعرہ بھی لگادیا لیکن ایم کیو ایم کی آفیشل ویب سائٹ، ٹویٹر اکاؤنٹ اور ڈیلی موشن پر کچھ اور ہی نظارہ ہے۔ 

ایم کیو ایم کی جانب سے ویب سائٹ پر سابق صدر آصف زرداری، وزیر دفاع خواجہ آصف، ن لیگ کی رہنما تہمینہ درانی اور محمود خان اچکزئی کی ویڈیوز اس سوال کے ساتھ شیئر کی گئی ہیں کہ دیکھنے والے دیکھیں، سر دھنیں، اور خود فیصلہ کریں۔ 

 اس سے متعلق خبر:      سوشل میڈیا پر ایم کیو ایم کا جواب، لندن یا کراچی سے؟ 

سابق صدر آصف زرداری پیپلز پارٹی کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خیبر سے کراچی تک پاکستان بند کراتے کراتے کچھ طاقتور حلقوں کو خبردار بھی کرتے نظر آتے ہیں۔ عدالت میں چل رہے کچھ کیسز اور کچھ مستقبل میں چلنے والے کیسز کا حوالہ دیتے ہوئے ”اینٹ سے اینٹ” بھی بجادیتے ہیں۔ کس نے تین سال رہنا ہے اور کس نے ہمیشہ رہنا ہے، زندہ ہے بھٹو کے نعروں سے گونجتی ویڈیو بھی ایم کیو ایم نے شیئر کررکھی ہے۔

خواجہ آصف کی ویڈیو قومی اسمبلی میں ان کی روایتی جوشیلے بھڑکیلے اور پھڑکتے ہوئے انداز میں تقریر کی ہے۔ ارکان اسمبلی کے ڈیسک بجانے سے ایوان گونج رہا ہے اور خواجہ آصف آئین پر بات کرتے ہوئے آرٹیکل 6 کی یاد دلاتے ہیں۔ فوج کے کردار اور اس کی حدود پر روشنی ڈالتے ہیں۔ بلوچستان سے وزیرستان کی صورتحال پر تڑپتے نظر آتے ہیں۔ ماضی میں دوسری قوموں سے ہونے والی ناانصافیوں پر پنجاب کی خاموشی پر نادم ہیں اور اس عزم کا اظہار کرتے ہیں کہ آئندہ مستقبل میں پنجاب خاموش نہیں رہے گا۔ دفاعی بجٹ پر بات کرنے کے ساتھ عوام کی حالت زار پر بھی اظہار خیال کرتے ہیں۔ پاکستان کس کے لیے فلاحی ریاست ہے یہ بھی بتاتے ہیں۔

مسلم لیگ ن کی متحرک رہنما تہمینہ دولتانہ کی ایک ویڈیو بھی شیئر کی گئی ہے جس میں ریاست کے اندر ریاست کی وضاحت کرتے ہوئے وہ طاقتور حلقوں کی طرف براہ راست بات کرتی ہیں۔ پروگرام میزبان لقمہ دے کر ان سے موقف کی دوبارہ بھی تصدیق کرتا ہے۔ تہمینہ دولتانہ دفاعی بجٹ کتنا ہے کہاں خرچ ہورہا ہے کہیں اس میں کرپشن تو نہیں ایسے سوالات بھی اٹھاتی نظر آتی ہیں۔ پاکستان کی اہمیت پر روشنی ڈالتی ہیں اور آمریت پر بھی دھواں دار انداز میں بولتی ہیں۔

پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی قومی اسمبلی میں پشتونوں سے متعلق ایک بیان دیتے ہوئے کچھ زیادہ جذباتی ہوگئے تھے۔ ان کے خیال میں پشتون پاکستان میں غلام ہیں اور ایسے پاکستان کے لیے ۔۔۔ ایم کیو ایم نے ان کی اس ویڈیو کو بھی اپنی ویب سائٹ، ٹویٹر اور ڈیلی موشن پر شیئر کیا ہے۔

متحدہ کے بھوک ہڑتالی کیمپ میں قائد تحریک کے خطاب کے بعد ایسا لگا کہ برسوں سے بند آتش فشاں کا دہانہ کھل گیا ہو۔ کارکن جس انداز میں اٹھے تو لگا جیسے لاوا کراچی بہالے جائے گا۔ لیکن میڈیا، سیکورٹی اداروں، سیاسی جماعتوں اور عوام کے شدید ردعمل کے بعد کراچی کا منظر ہی بدل گیا۔ اب ایم کیو ایم جس طرح پیش آرہی ہے اس سے لگ رہا ہے کہ متحدہ قائد کے بیان پر کارکن شاید نائن زیرو پر حملہ کرنا چاہ رہے تھے لیکن راستہ بھٹک کر اے آر وائی کے دفتر نکل گئے۔ اب کراچی میں ایم کیو ایم نہائی دھوئی اجلی صاف ستھری لگ رہی ہے۔ متحدہ کارکنوں کی گرفتاریوں، دفاتر کی تالہ بندیوں اور مسماری کے بعد الیکٹرانک میڈیا چیخ چیخ کر کہہ رہا ہے کہ تبدیلی آگئی ہے۔ کراچی میں تو سب محب وطن تھے اور ہیں۔ یہاں تو ہمیشہ پاکستان زندہ باد رہا ہے۔ اصل خرابی تو لندن میں تھی جس سے سب رشتے ختم کردئیے۔ لیکن مخالف سیاسی رہنماؤں کی ویڈیوز کے بعد لگتا ہے پکچر ابھی باقی ہے ⁠⁠

x

Check Also

امریکا، ڈرون سے گردے کی اسپتال میں ڈیلیوری

ڈرون سے گردے کی اسپتال میں ڈیلیوری

امریکی شہربالٹی مورمیں ڈرون کی مدد سے ڈونر کا گردہ مریض تک پہنچا دیا گیا، ...

کتاب میں کسی کھلاڑی کی کردار کشی نہیں کی، آفریدی

کتاب میں کسی کھلاڑی کی کردار کشی نہیں کی، آفریدی

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ انہوں نے اپنی ...

ماریا شراپوا اٹالین ٹینس سے دستبردار

ماریا شراپوا اٹالین ٹینس سے دستبردار

ٹینس پلیئر ماریا شراپووا کے فینز کیلئے بری خبر ، وہ اب تک کاندھے کی ...

%d bloggers like this: