ڈونلڈ ٹرمپ امریکی تاریخ کے سب سے متنازعہ صدارتی امیدوار بن گئے۔ ان کی اپنی پارٹی ریپبلکن کے 70 ارکان نے قومی کمیٹی کے چیئرمین کو خط لکھ کر انتخابی مہم کے لیے ٹرمپ کی مالی امداد بند کرنے کی اپیل کردی۔ مخالفین کے ساتھ ساتھ اپنوں پر بھی تنقید کے نشتر ڈونلڈ ٹرمپ کو مہنگے پڑ گئے۔
رپبلکن نیشنل سکیورٹی کے 50 ماہرین نے گزشتہ ہفتے ایک خط میں ڈونلڈ ٹرمپ کو امریکی تاریخ کے سب سے لاپروا صدر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا۔ اب ریپبلکن پارٹی کے ہی 70 ارکان نے جماعت کی قومی کمیٹی کے چیئرمین کو ایک خط لکھ کر صدارتی مہم کے لیے چندہ دینے سے روکنے کی اپیل کردی۔
سینیٹ میں ریپبلکن پارٹی کے سربراہ میچ میکونل نے بھی خدشہ ظاہر کیا ہے کہ سینیٹ میں پارٹی کا کنٹرول بھی خطرے میں پڑ سکتا ہے۔ حالیہ جائزوں میں ڈونلڈ ٹرمپ کی مقبولیت میں بڑے پیمانے پر کمی دیکھنے میں آئی ہے