امریکہ نے 11 طلائی سمیت 32 تمغوں کے ساتھ اپنی ٹاپ پوزیشن مستحکم بنا لی ہے ۔
چین بھی 23 میڈلز کیساتھ دوسری جبکہ جاپان 18 میڈلز کیساتھ تیسری پوزیشن پر آگیا۔
اولمپکس کےمینز کینن سلیم میں برطانیہ کے جوزف کارک نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد گولڈ میڈل اپنے نام کیا ، وہ مقررہ فاصلہ 88 اعشاریہ پانچ تین سیکنڈز میں طے کر کے سرفہرست رہے ۔
مینز رگبی ایونٹ میں ورلڈ سیریز چیمپئن فجی کی ٹیم نے نیوزی لینڈ کو شکست دیکر گھر کا راستہ دکھایا اور خود فائنل فور میں پہنچی ۔ ادھر جاپان نے فرانس کو 12-7سے ہرا کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی ۔
شوٹنگ کے مینز ڈبل ٹریپ فائنل میں کویت کے 49 سالہ شوٹر عدیل نے نشانے بازی میں سب کو مات دے دی ۔ وہ فرانسیسی حریف کو شکست دیکر گولڈ میڈل جیتنے والے پہلے کویتی ایتھلیٹ بھی بن گئے ۔
ادھر شوٹنگ ہی کے 50 میٹر پسٹل ایونٹ کے فائنل میں جنوبی کوریا کے جنگ جونگ نے فتح کے بعد مسلسل تیسرا گولڈ میڈل جیت کر تاریخ رقم کر دی۔
برطانیہ کے جیک اور کرس مئیرز نے مینز تین میٹر ’’سنکرونازڈ ڈوائیونگ ‘‘ کے فائنل میں اپنی منفرد اور شاندار کارکردگی دکھا کر گولڈ میڈل اپنے نام کر لیا ۔
ویمنز ویٹ لفٹنگ 69 کلوگرام فائنل میں چین کی ژنگ فاتح رہیں ۔ قازقستان کی زاہیرجا دوسری جبکہ مصر کی سارا احمد تیسری پوزیشن کے ساتھ برانز میڈل جیت گئیں ۔
سوئٹزرلینڈ کے فابیان نے اپنے سائیکلنگ کیرئیر کا شاندار اختتام اولمپک گولڈ میڈل کے ساتھ کر لیا ۔کیرئیر کے آخری ایونٹ میں شریک فیبیان نے اولمپک ٹائم ٹرائل سائیکل ریس میں زبردست رائیڈنگ کے ساتھ کامیابی حاصل کی ۔
خواتین ٹائم ٹرائل سائیکل ریس میں امریکہ کی کرسٹین نے شاندار رائیڈنگ کے ساتھ گولڈ میڈل جیتا ۔