اسلام آباد دھرنا، آپریشن کلین اپ

اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے فیض آباد انٹرچینج پر دھرنے کے شرکاء کو دی گئی گذشتہ رات 12 بجے کی ڈیڈ لائن ختم ہونے کے بعد آج صبح مظاہرین کے خلاف آپریشن کا آغاز کردیا گیا۔

آپریشن میں پولیس، ایف سی اور رینجرز کی بھاری نفری حصہ لے رہی ہے، جنہوں نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کی شیلنگ اور واٹر کینن کا استعمال کیا۔
شدید شیلنگ کے بعد مظاہرین منتشر ہونا شروع ہوگئے جبکہ پولیس نے درجنوں مظاہرین کو حراست میں بھی لے لیا۔

اطلاعات کے مطابق مظاہرین کی جانب سے پتھراؤ اور غلیل کے ذریعے بنٹوں کا بھی استعمال کیا گیا، جس کے نتیجے میں متعدد اہلکار زخمی ہوگئے۔

مظاہرین نے ایک ایف سی اہلکار کو پکڑ کر شدید تشدد کا نشانہ بنایا لیکن ساتھی اہلکاروں نے اسے فوری طور پر مظاہرین کے قبضے سے چھڑا لیا۔

پمز اسپتال کے ترجمان کے مطابق اسپتال میں 30 زخمی لائے گئے، جن میں 14 سیکیورٹی اہلکار بھی شامل ہیں۔

ترجمان پمز کے مطابق آنسو گیس کے 4 متاثرین اسپتال لائے گئے۔

دوسری جانب پولی کلینک اور بینظیر اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کرکے چھٹی پر موجود پیرا میڈیکل اسٹاف اور ڈاکٹرز کو طلب کرلیا گیا۔
دھرنے کے مقام پر ایمبولینسز بھی پہنچا دی گئیں جبکہ آپریشن کی فضائی نگرانی بھی کی جارہی ہے۔

ذرائع کے مطابق پولیس نے فیض آباد پل پر دھرنے کی جگہ کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔

پولیس پانچ سمت سے کارروائی کرتے ہوئے مری روڈ، راولپنڈی روڈ، کھنہ پل، اسلام آباد ایکسپریس وے، جی ٹی روڈ کی جانب سے پیش قدمی کرکے فیض آباد کو مظاہرین سے خالی کروانے کی کوشش کر رہی ہے۔

پولیس کی شیلنگ سے قریب موجود دفاتر میں کام کرنے والوں کو بھی دشواری کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ مری روڈ پر اسکول بند کروا دیئے گئے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد اور راولپنڈی کو ملانے والے فیض آباد انٹرچینج پر مذہبی جماعت ‘تحریک لبیک یارسول اللہ’کے دھرنے کو آج 20 روز ہوگئے، جسے ختم کرانے کے لیے حکومت کی جانب سے مذاکرات کی تمام کوششیں بے سود ثابت ہوئیں۔

دھرنے کے شرکاء وزیر قانون زاہد حامد کے استعفے پر بضد تھے جب کہ حکومت کا مؤقف ہےکہ سڑکوں پر بیٹھ کر یا دھونس دھاندلی سے کسی سے استعفیٰ نہیں لیا جاسکتا۔

ضلعی انتظامیہ کی ڈیڈ لائن ختم
گذشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ کے تین دن میں دھرنا پریڈ گراؤنڈ منتقل کرنے کے حکم کےبعد ضلعی انتظامیہ نے دھرنے کے شرکاء کو آخری وارننگ جاری کی تھی۔

ضلعی انتطامیہ کی جانب سے کہا گیا تھا کہ دھرنے کے شرکاء 2 ہفتے سے غیر قانونی طور پر فیض آباد میں بیٹھے ہیں، پہلے بھی شرکاء کو تین وارننگ کے نوٹس جاری کیے جاچکے ہیں لہٰذا شرکاء رات 12 بجے تک فیض آباد خالی کردیں۔

انتظامیہ کی وارننگ میں مزید کہا گیا تھا کہ ہائیکورٹ کے حکم پر پریڈ گراؤنڈ جلسے اور جلوسوں کے لیے مختص ہے، دھرنے کے شرکاء 2 ہفتے سے مسلسل قانون کی خلاف ورزی کررہے ہیں اس لیے جمعے کی رات 12 بجے تک فیض آباد خالی نہ کیا گیا تو ایکشن ہوگا اور آپریشن کی صورت میں تمام ذمے داری دھرنے کے قائدین اور شرکاء پر ہوگی۔

تاہم گذشتہ رات 12 بجے کی ڈیڈ لائن ختم ہوچکی ہے، جس کے بعد پولیس نے دھرنے کے شرکاء کو منتشر کرنے کے لیے کارروائی کا آغاز کیا۔

’مجمع ہتھیار استعمال کرے تو پولیس بیک اپ استعمال کرے‘
گذشتہ روز سابق آئی جی اسلام آباد طاہر عالم خان نے جیو نیوز سے گفتگو میں کہا تھا کہ پولیس کے پاس دھرنے سے نمٹنے کا طریقہ کار موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر مجمع ہتھیار استعمال کرے تو پولیس کو بیک اپ کا استعمال کرنا چاہیے۔

انہوں نے بتایا کہ 2014 میں جب پارلیمنٹ میں حملہ ہوا تھا تو پولیس کے پاس ہتھیار نہیں تھے۔

طاہر عالم کا کہنا تھا کہ حکومت خوف زدہ ہے تاہم حکمرانوں کو یہ بیان نہیں دینا چاہیے کہ طاقت کا استعمال نہیں کیا جائے گا۔

ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ احسن اقبال معاملات اپنے ہاتھ میں لینے کے بجائے انتظامیہ کو نمٹنے دیں۔

عوام شدید مشکلات سے دوچار
حکومت اور دھرنے کے شرکاء کے درمیان مذاکرات کامیاب نہ ہونے سے شہری دو ہفتوں سے زائد سے مشکلات کا شکار ہیں۔ئی اہم شاہراہوں کو کنٹینر لگا کر بند کیا گیا ہے جس کی وجہ سے شہریوں کو متبادل راستوں پر ٹریفک جام جیسے مسائل کا سامنا ہے، گذشتہ کئی روز سے میٹرو بس سروس بھی معطل ہے جب کہ فیض آباد اور اطراف کے دکاندار بھی شدید پریشان ہیں۔

اسکول و کالج جانے والے طلبا و طالبات کو طویل سفر طے کرکے اپنی منزل پر پہنچنا پڑتا ہے، اسی طرح دفاتر میں کام کرنے والے ملازمین بھی شدید پریشان ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.

x

Check Also

امریکا، ڈرون سے گردے کی اسپتال میں ڈیلیوری

ڈرون سے گردے کی اسپتال میں ڈیلیوری

امریکی شہربالٹی مورمیں ڈرون کی مدد سے ڈونر کا گردہ مریض تک پہنچا دیا گیا، ...

کتاب میں کسی کھلاڑی کی کردار کشی نہیں کی، آفریدی

کتاب میں کسی کھلاڑی کی کردار کشی نہیں کی، آفریدی

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ انہوں نے اپنی ...

ماریا شراپوا اٹالین ٹینس سے دستبردار

ماریا شراپوا اٹالین ٹینس سے دستبردار

ٹینس پلیئر ماریا شراپووا کے فینز کیلئے بری خبر ، وہ اب تک کاندھے کی ...

%d bloggers like this: